بشپ ندیم کامران کا یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب

10

لاہور، 06 اگست (اے پی پی): بشپ آف لاہور ڈائسس، بشپ ندیم کامران نے یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خداوند کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں ایک بار پھر اگست کے مہینے میں داخل کیا تاکہ ہم آزادی کا جشن مل کر منائیں۔ انہوں نے ان تمام شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پاکستان کے قیام اور استحکام میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ان قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے جنہوں نے اس ملک کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔

بشپ ندیم کامران نے آپریشن بنیان مرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن چاہے جتنا بھی طاقتور ہو،جب خدا آپ کے ساتھ ہوتا ہے تو کامیابی یقینی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا جشنِ آزادی ہمارے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ہم نے حال ہی میں دشمن کو شکست دی ہے، اور اس کامیابی پر ہمیں خدا کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ اس نے ہمیں ایک مضبوط سپہ سالار عطا فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور افواج پاکستان نے متحد ہو کر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ آج کے دن ہمیں اپنی افواج اور حکومت کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔بشپ ندیم کامران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم اپنے اداروں کے ساتھ کل بھی کھڑے تھے،آج بھی ساتھ ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ خدا نے ہمیں ایک خوبصورت ملک عطا کیا ہے، اور اس کی بقا اور سلامتی کے لیے ہم ہمیشہ آگے بڑھتے رہیں گے۔