اسلام آباد، 06 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری سے عراق کے سفارتی مشن کے سربراہ عبدالقادر سلیمان الہمیری نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ، تجارتی روابط اور نئی سمندری راہیں تلاش کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور عراق نے بحری شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ عبدالقادر سلیمان الہمیری نے پاکستان کے لیے فیری سروس شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا،جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ مجوزہ فیری سروس تجارت، لاجسٹکس اور مذہبی سیاحت کو فروغ دے گی اور یہ اقدام پاک۔عراق تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو گا۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ مسافروں اور کارگو کے بحری روابط سے بلیو اکانومی کوتقویت ملے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بحری شعبہ مستقبل میں دوطرفہ تعاون کا ایک اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے موقع پر 88 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین نے عراق کا سفر کیا، جس سے دونوں ممالک کے عوامی روابط کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ ایران اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک کے ساتھ بھی فیری روٹس پر کام جاری ہے،جبکہ ملاقات میں عراقی تیل کی درآمد اور پاکستانی گوشت و چاول کی برآمد سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔