وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس

13

‎اسلام آباد، 6 اگست ( اے پی پی):
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر سے متعلق پیش رفت پر ‎ جائزہ اجلاس    منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہسپتال کے کنسیپٹ ڈیزائن، اراضی، بورڈ کی تشکیل اور ہسپتال سے متصل کمرشل سینٹر کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

‎وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس میں عالمی معیار کے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیری کام کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

‎انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے مریضوں کے لیے شفاء کا ایک عالمی معیار کا مرکز بنے گا۔

‎وزیرِ اعظم نے ہسپتال کے مختلف بلاکس کے نام صوبوں کے نام پر رکھنے، اسٹاف کی بھرتیوں میں شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دینے اور تعمیر کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو لازم قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ ہسپتال میں جینٹوریل سمیت تمام متعلقہ سروسز میرٹ پر آؤٹ سورس کی جائیں۔

‎اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر نظام کی بہتری کے لیے منصوبہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ٹرشری ہسپتالوں پر مریضوں کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔

‎انہوں نے کہا کہ اللّہ کے فضل و کرم سے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (PKLI) بہترین انداز میں مریضوں کے علاج کا مرکز بن چکا ہے، اور جناح میڈیکل کمپلیکس کو اس سے بھی بہتر، بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ اسپتال بنایا جائے گا۔

‎اجلاس میں بتایا گیا کہ کنسیپٹ ڈیزائن، اراضی کی منتقلی اور بورڈ کی تشکیل حتمی مراحل میں ہیں، جب کہ تعمیر کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے جیو ٹیکنیکل اور سوشل امپیکٹ اسٹڈیز جاری ہیں۔