ملک میں آبادی کے بڑھتے ہوئے مسائل پر مؤثر حکمتِ عملی کے لیے اہم اجلاس

17

اسلام آباد، 07 اگست (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے جڑے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آبادی کی سالانہ شرح نمو 2.55 فیصد ہے، جو ایک تشویشناک حقیقت ہے اور اس کے لیے سنجیدہ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو قومی ترقی اور معیشت کا فعال حصہ بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کو ملکی معیشت کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع دیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین ہماری افرادی قوت کا بڑا حصہ ہیں، جنہیں روزگار کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے تعاون سے ایک مؤثر اور جامع حکمتِ عملی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں قومی سطح کی پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو مختلف سفارشات پیش کی گئیں اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی تعاون سے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل پر قابو پانے کے لیے مربوط قومی پالیسی کی اشد ضرورت ہے۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ آبادی کے مسئلے پر قومی سطح پر عوامی آگاہی مہم کا آغاز ضروری ہے۔

وزیراعظم نے اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی تاکہ مؤثر پالیسی اور حکمتِ عملی وضع کی جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔