اسلام آباد،08 اگست(اے پی پی ): وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت علامہ اقبال کی 150 ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سال 2027 میں علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں منائی جائے گی۔ اس موقع پر ایسے پروگرامز ترتیب دیے جائیں گے جن میں اقبال کی فکر، فلسفہ اور شاعری کو اجاگر کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ فکرِ اقبال کو قومی ترقی سے جوڑنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اقبال کا پیغام آفاقی ہے، جس سے پوری دنیا فیض یاب ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ایک عظیم مفکر تھے، جنہوں نے پاکستان کا خواب دیکھا اور قوم میں آزادی کی تحریک کو فروغ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقبال کے کلام نے نوآبادیاتی دنیا میں حریت کی شمع روشن کی اور قومی اساس کو نظریاتی پختگی عطا کی۔ ’’اڑانِ پاکستان‘‘ کے لیے اقبال کے ’’شاہین‘‘ کو بطور استعارہ اپنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبال کی فکر کو عام کر کے فکری انتشار سے بچا جا سکتا ہے۔ دنیا بھر میں اقبال کو ایک عظیم فلسفی کے طور پر پہچانا جاتا ہے، اور ان کا پیغام صرف برصغیر تک محدود نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی مقبول ہے۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ اقبال کے نظریات آج بھی پائیدار ترقی اور قومی یکجہتی کے لیے رہنما اصول کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی فکر نوجوان نسل کے لیے مینارِ نور کی مانند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی، ایران اور دیگر مسلم ممالک میں اقبال کو ’’امت کا شاعر‘‘ تسلیم کیا جاتا ہے۔ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو خودی اور خود اعتمادی کا درس دے کر بیدار کیا۔احسن اقبال نے بتایا کہ ایران نے پاکستان کے ساتھ مل کر علامہ اقبال پر مشترکہ فلم بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے، جب کہ انہوں نے اقبال کی زندگی پر عالمی معیار کی ڈرامہ سیریز بنانے کی تجویز بھی پیش کی۔
علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز 9 نومبر 2026 سے ہوگا اور یہ سلسلہ 9 نومبر 2027 کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس دوران عالمی کانفرنسوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔











