خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری کی پنک ربن پاکستان کے سی ای او سے ملاقات

13

‎اسلام آباد، 12 اگست ( اے پی پی): پنک ربن پاکستان کے سی ای او عمر آفتاب نے خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری سے ایوانِ صدر میں   ملاقات  کی ہے،  جس میں چھاتی کے سرطان کی روک تھام اور بروقت تشخیص کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

‎خاتونِ اوّل نے کہا کہ پاکستان میں ہر نو میں سے ایک خاتون اس مرض کے خطرے سے دوچار ہے، جبکہ تاخیر سے تشخیص ہر سال ہزاروں خواتین کی جان لے لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص کی صورت میں شفا یابی کی شرح 90 فیصد سے زائد ہے، اس لیے ہر خاتون کو بروقت اسکریننگ، درست تشخیص اور معیاری علاج کی سہولت ملنی چاہیے۔

‎آصفہ بھٹو زرداری نے زور دیا کہ خواتین کی صحت کو قومی ترجیح بنایا جائے،  دیہی علاقوں میں علاج اور تشخیص کی سہولیات بڑھائی جائیں،    موبائل میموگرافی یونٹس اور کمیونٹی آؤٹ ریچ پروگرامز کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے میڈیا، تعلیمی شعبے اور مذہبی رہنماؤں سے ملک گیر آگاہی مہم میں کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی۔