اسلام آباد، 12 اگست (اے پی پی): یومِ آزادی کو قربانی، اتحاد، عزم اور حوصلے کی روشن داستان قرار دیتے ہوئے اقلیتی برادری نے کہا کہ یہ دن ہمارے عہد کی تجدید اور بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کو یاد کرنے کا لمحہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی طویل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے جبکہ قیامِ پاکستان میں اقلیتی برادری کی خدمات ایک ناقابل فراموش اور روشن باب کی حیثیت رکھتی ہیں۔
اقلیتی برادری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے تہوار اور رسم و رواج جدا سہی مگر خوشیوں کے جذبات اور پاکستان سے محبت کی وابستگی ایک ہے۔ عبادت کے انداز مختلف ہیں لیکن دعائیں سب کی پاکستان کی حفاظت و سلامتی کے لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پرچم تلے ہر اختلاف کی دیوار گرا کر روشن اور یکجہتی کی تصویر بنانا ہمارا عزم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہر شہری کا مشترکہ ایمان اور وفاؤں کا عقیدہ ہے، یہ محفوظ دھرتی ہماری عبادت گاہوں کی محافظ ہے اور ہم سب کے دل کی ایک ہی صدا ہے۔











