پشاور، 13 اگست ( اے پی پی): پشاور کی انسپیکٹر رافیہ قاسم بیگ کی بم ڈسپوزل یونٹ میں کامیابی دنیا بھر کی خواتین کے لیے مثال ہے، انہوں نے پاکستان اور ایشیا کی پہلی خاتون بم ڈسپوزل یونٹ افسر بن کر خواتین کے لیے کامیابی کا نیا باب رقم کیا۔ان کی کامیاب کاوشوں نے پولیس سمیت ملک بھر میں خواتین کے لیے نئی راہیں ہموارکیں۔
انسپیکٹر رافیہ قصیم بیگ نے “ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ” سیریز میں بات کرتے ہو ئے کہا کہ
بچپن سے میرا خواب تھا کہ میں وردی پہن کر اپنے لوگوں کی خدمت کروں۔میں ہمیشہ یہ چاہتی تھی کہ اپنے والدین کا نام فخر سے روشن کروں۔
انہوں نے کہا کہ 2009 میں، میں نے کے پی پولیس میں لیڈی کانسٹیبل کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔گریجویشن کے بعد میں نے ایم اے آئی آر، ایم ایس سی اکنامکس اور ایل ایل بی کی اعلیٰ ڈگریاں حاصل کیں۔نسپیکٹر رافیہ قصیم بیگ نے کہا کہ کے پی پولیس میں کانسٹیبل کی خدمت کے دوران فیڈرل اور کے پی پبلک سروس کمیشن کے امتحانات بھی پاس کیے۔کے پی کے پولیس میں مختلف آپریشنز کا حصہ بن کر بہت کچھ سیکھا۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی تپش اور سردیوں کی سخت راتوں میں چیک پوسٹ پر ڈیوٹیاں سرانجام دیں، 2016 میں میری ملاقات ٹائیگر بھائی سے ہوئی، جن سے بے حد حوصلہ ملا۔
نسپیکٹر رافیہ قصیم بیگ نے بتایا کہ یونٹ کا حصہ بن کر میں نے ثابت کیا کہ خواتین بھی اس میدان میں کامیابی حاصل کر سکتی ہیں،2017 میں ایف پی ایس سی کے ذریعے کمیشنڈ آفیسر کے طور پر تعینات ہوئی، میرا پیغام ہے کہ جو کام کریں، عزم، محنت اور لگن سے کریں۔
یقین، قربانی اور اتحاد سے حاصل ہونے والی آزادی کو ہمیشہ سنبھال کر رکھنا ہمارا فرض ہے،ان عظیم شخصیات نے اپنی محنت، عزم اور غیر متزلزل وفاداری سے وطن عزیز کی تاریخ کا رخ موڑ دیا۔











