اسلام آباد:  ٹریفک پولیس  نے 13 اور 14 اگست کے لئے ٹریفک ڈائیورشن پلان تشکیل دے دیا

20

اسلام آباد،13اگست  (اے پی پی):  چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر کی زیر نگرانی اسلام آباد ٹریفک پولیس نے معرکہ حق کے سلسلے میں 13 اور 14 اگست 2025 کے لئے خصوصی ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری کر دیا ہے۔

اس دوران سری نگر ہائی وے (زیرو پوائنٹ سے جناح اسکوائر تک) دونوں اطراف سے عام ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند رہے گی جبکہ 13 اگست دوپہر 12 بجے سے 14 اگست رات 3 بجے تک ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا اسلام آباد میں داخلہ ممنوع ہو گا۔مری روڈ (براستہ شکر پڑیاں روڈ، چاند تارا چوک، گارڈن ایونیو I-8) ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند رہے گا۔ آئی-8 گارڈن پل، G-7 لوپ اور سپورٹس کمپلیکس ٹرن مری روڈ گارڈن ایونیو بھی بند رہیں گے۔

 شہری متبادل طور پر  موٹر وے سے سری نگر ہائی وے، مری اور بہارہ کہو کے لئے پشاور موڑ، نائنتھ ایونیو، جناح ایونیو، ایمبیسی روڈ اور سرینا ہوٹل کا راستہ استعمال کریں۔ زیرو پوائنٹ سے آنے والے شہری بائیں لوپ سے سہروردی روڈ، آبپارہ، اور سرینا ہوٹل کا راستہ اختیار کریں۔

مری اور بہارہ کہو سے راولپنڈی جانے والی ٹریفک کورنگ روڈ، بنی گالہ، پارک روڈ اور فیض آباد استعمال کرے۔ مری جناح سکوائر سے آنے والے شہری کشمیر چوک، کلب روڈ اور فیض آباد استعمال کریں۔ کشمیر چوک سے آنے والے شہری سہروردی روڈ، آبپارہ چوک اور زیرو پوائنٹ کا راستہ اپنائیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار شاہراہوں اور اہم چوراہوں پر شہریوں کی رہنمائی کے لئے موجود رہیں گے۔

شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ متبادل راستوں کو اختیار کریں اور سفر سے پہلے ٹریفک صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔ ٹریفک اپ ڈیٹس اور معلومات کے لئے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ریڈیو ایف ایم 92.4 سے رابطہ کریں۔