اسلام آباد، 14 اگست (اے پی پی ): اسلام آباد میں تعینات ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے پاکستان کے عوام کو ان کے یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نےپاکستان کی شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودا بھی لگایا۔
سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان 67 سالہ دیرینہ دوستی اور شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے ایتھوپیا پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے موسمیاتی تبدیلی کے مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے ایک اہم اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کے روز ایتھوپیا سے موسمیاتی تبدیلی کے ماہرین کا ایک اعلیٰ سطحی وفد پاکستان پہنچے گا۔ یہ وفد ایتھوپیا کے کامیاب ‘گرین لیگیسی انیشی ایٹو’ کے تجربات کو شیئر کرنے کے لیے پاکستان کے مختلف شہروں کا دورہ کرے گا۔











