سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،وزیراعظم شہباز شریف کی بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو

11

اسلام آباد,15اگست  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے  مابین  مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم  محمد شہباز شریف  سے عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر  محمد اقبال حسین خان  نے جمعہ کو یہاں وزیراعظم ہاؤس  میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے ساتھ   دسمبر میں قاہرہ میں   ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کے موقع  پر اپنی  گرمجوش ملاقات  اور نتیجہ خیز بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے  فریقین کے  مابین  میکانزم کے احیاپر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے  دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور  دیتے ہوئے کہا کہ  سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط  بنانےکی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نے  کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت اور عوام کے درمیان روابط کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا  اظہار کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر  اقبال حسین  نے وزیراعظم کو سفر، تجارت اور رابطوں کو آسان بنانے کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی کے تاریخی بندھن کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔وزیراعظم نے ہائی کمشنر  کےلئے  نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں  مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کے دور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں مثبت پیشرفت ہوتی رہے گی۔