وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو کی ملاقات

21

اسلام آباد،15 اگست  (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو کی ملاقات  ہوئی۔

امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو نے پاکستان کی  یوم  آزادی پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات۔ انسداد دہشتگردی، بارڈر سیکورٹی، انسداد منشیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں معلومات کے تبادلوں کو موثر بنانے پر  بھی اتفاق

 وفاقی وزیر برائے داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت آنے کے بعد پاک امریکہ تعلقات میں غیر معمولی بہتری آئی ہے، امریکی  صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عالمی امن کیلئے  مخلصانہ کاوشیں قابل تحسین ہے۔

 انہوں نے کہا کہ  پاک امریکہ تعلقات میں شفافیت۔باہمی اعتماد اور تعاون کا عنصر نمایاں ہے۔

 وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بہترین موقع ہے کہ باہمی تعلقات کو ہر  شعبے میں فروغ دیا جائے،  انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ سے  مشترکہ لائحہ عمل بنانے میں مدد ملے گی، امریکہ کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا احسن اقدام ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک امریکہ تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ،امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو پاکستان جیو سٹریٹجک اعتبار سے انتہائی اہم ملک ہے،امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو نے  دہشت گرد حملوں میں جانی نقصان پر  افسوس کا  اظہار کیا۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری،  قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔