اسلام آباد، 19 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ہماری اولین ترجیح این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ذریعے امداد کو ضرورت مندوں تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس جو کچھ ہے وہ عوام کی امانت ہے اور اسے مستحق افراد تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ اداروں کے ساتھ رابطے جاری ہیں تاکہ امداد باوثوق طریقے سے ضرورت مندوں تک پہنچے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کسی سے کوئی مالی امداد یا ڈونیشن وصول نہیں کیا گیا بلکہ تمام دوائیاں اور ویکسین ملک کے اندر سے فراہم کی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والے وبائی امراض اور مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کے خدشے کے پیش نظر ویکسینیشن مہم جاری ہے جس کے تحت حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔











