آٹو پارٹس انڈسٹری ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے، ریونیو ہارون اختر خان

16

اسلام آباد، 19 اگست )اے پی پی ): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ آٹو پارٹس انڈسٹری ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور مستقبل قریب میں پاکستان کو خطے کا آٹوموٹو حب بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ آٹو پارٹس سمٹ  سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب   کرتے ہوئے کیا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کی آٹو پارٹس انڈسٹری ملکی جی ڈی پی میں 3 فیصد حصہ ڈال رہی ہے جبکہ یہ شعبہ 25 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے۔ اس وقت ملک میں سات بڑی کار ساز کمپنیاں مقامی طور پر گاڑیاں تیار کر رہی ہیں اور 1200 سے زائد آٹو پارٹس مینوفیکچررز مقامی پرزہ جات تیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کو توانائی کے اخراجات، ٹیکنالوجی تک رسائی اور فنانسنگ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم وزیر اعظم کی ہدایات پر ایسی پالیسیاں مرتب کی جا رہی ہیں جن سے مقامی آٹو انڈسٹری کو عالمی معیار پر لایا جا سکے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نئی انرجی وہیکل پالیسی 2025-30 پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے جبکہ آٹو انڈسٹری کو تحقیق، ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

ہارون اختر خان نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور ریسرچ میں سرمایہ کاری کریں تاکہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری عالمی مقابلے کے قابل بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبہ مل کر پاکستان کو خطے کا آٹوموٹو حب بنائیں گے اور ملک کی آٹو انڈسٹری کا مستقبل روشن ہے۔