وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کی اہم ملاقات

28

اسلام آباد،21 اگست(اے پی پی ): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کی اہم ملاقات ہوئی۔  ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات.انسداد دہشت گردی اور  انسداد منشیات کے حوالے سے اشتراک کار  پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے نشان امتیاز ملنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو مبارکباد دی۔ قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر  نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قائم مقام امریکی سفیر نے پاکستان خصوصا خیبرپختونخوا میں بارشوں و سیلابی ریلوں کے باعث جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا،قائم مقام امریکی سفیر  کا کہنا تھا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے پائیدار عالمی امن کیلئے مخلصانہ اقدامات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر معمولی کاوشوں کو سراہا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سمیت 4 جنگیں رکوا کر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انسانیت کی خدمت کی ہےامید ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی روس یوکرائن اور غزہ میں جنگ بندی  کی کاوشیں بار آور ہوں گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکہ تعلقات میں وسعت اور گرمجوشی آئی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان امن کیلئے اٹھائے ہر قدم کا خیر مقدم کرتا ہے۔

قائم  مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر  نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا اہم دوست ملک ہے۔پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔