عالمی سطح پر ثالثی کے فروغ میں چین کا کردار نمایاں ہے، مرتضیٰ سولنگی

19

اسلام آباد، 26 اگست (اے پی پی): انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے زیر اہتمام سیمینار  سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ پاکستان کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ دنیا اس وقت تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی نظام کا مشاہدہ کر رہی ہے اور آج کی دنیا میں اقوامِ متحدہ سمیت کثیرالجہتی ادارے دباؤ کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں چین عالمی امن، ترقی اور تعاون کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ممالک کے درمیان اختلافات فطری ہیں جنہیں بات چیت اور مشاورت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز ایک معتبر پلیٹ فارم ہے جو شواہد، اخلاقیات اور مکالمے کی بنیاد پر قائم ہے اور 1982 سے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تحقیقی و تجزیاتی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی قیادت سفیر جوہر سلیم کر رہے ہیں اور اس کی تحقیق جغرافیائی سیاست، معیشت، انسانی ترقی، آبادیات، ثقافت، بحری معاملات، سائبر سیکیورٹی اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے موضوعات پر محیط ہے۔