کمشنر ملتان عامر کریم خاں کا شاہین مارکیٹ کا دورہ، طویل عرصے سے التوا کا شکار منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت

23

ملتان،26اگست(اے پی پی) کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے شاہین مارکیٹ کا دورہ کرتے ہوئے طویل عرصے سے التوا کا شکار منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ 2011 میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ تجارتی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس کی تکمیل شہریوں اور تاجروں کے لیے یکساں طور پر فائدہ مند ثابت ہوگی۔کمشنر عامر کریم خاں نے موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ منصوبے کی تکمیل کا تخمینہ لگایا جائے اور تعمیراتی مراحل کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ مارکیٹ کو عوامی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے فعال بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی دو منزلہ عمارت شہر کے وسط میں واقع ہونے کی وجہ سے تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔کمشنر عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنر ملتان کو ہدایت دی کہ دکانوں کی الاٹمنٹ کے لیے شفاف نظام وضع کیا جائے تاکہ اہل افراد کو میرٹ پر دکانیں فراہم کی جا سکیں اور اس منصوبے کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچ سکیں۔

دورے کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ شاہین مارکیٹ کے ڈبل سٹوری پلازے  میں مجموعی طور پر 126 دکانیں تعمیر ہو چکی ہیں جن میں بیسمنٹ میں 70 اور پہلی منزل پر 50 دکانیں شامل ہیں، تاہم مارکیٹ ابھی تک آپریشنل نہیں ہو سکی۔شٹرنگ واش روم کی تعمیر اور سیوریج کا سسٹم فعال کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو، سی او کارپوریشن اقبال خان، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔