وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات

3

اسلام آباد، 28 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے  ملاقات کی۔ ملاقات میں ‎ پاک برطانیہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، بارڈر سیکیورٹی اور انسانی سمگلنگ کے حوالے سے اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے نشان امتیاز ملنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے  پاکستان میں سیلاب اور بارشوں  سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس اور لواحقین سے  دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے  امن کا داعی رہا ہےدہشتگردی کی ہر شکل کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور کہا کہ برطانیہ ترقی کے سفر میں پاکستان کا  اہم شراکت دار ہے،باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔