ملتان، 29اگست(اے پی پی):چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان نے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کے ہمراہ ہیڈ محمد والا بریچنگ سیکشن کا دورہ کیا اور وہاں جاری انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو اور محکمہ ایریگیشن سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے چیئرمین این ایچ اے کو سیلابی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے چناب میں اگلے دو روز میں آٹھ لاکھ کیوسک کا ریلا متوقع ہے، جس کے پیشِ نظر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژن بھر میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 84 فلڈ ریلیف کیمپس مکمل طور پر فعال ہیں، جہاں متاثرہ افراد کے لیے خوراک، ادویات، طبی سہولیات اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ انتظامی رابطے کو مؤثر بنانے کے لیے ہر ضلع میں اے ڈی سی ریونیو کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈویژن کی سطح پر ایڈیشنل کمشنرز کو بھی فوکل پرسن کے طور پر نامزد کیا گیا ہے تاکہ امدادی اور انخلائی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جا سکے۔
چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان نے موقع پر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ کی تیاریوں کو سراہا اور کہا کہ متاثرہ آبادی کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کر رہے ہیں۔