وزیرِ اعظم  محمد شہباز شریف کا دورہ چین ، تیانجن روانہ

2

‎لاہور،  30 اگست ( اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف چینی صدر شی جنپنگ کی دعوت پر اپنے سرکاری دورہ ِ چین کے لیے لاہور سے تیانجن روانہ ہوگئے ہیں۔

وزیرِ اعظم اپنے دورے کے دوران 25ویں شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ پاکستان کا موقف پیش کریں گے اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں، علاقائی روابط میں اضافے، اور عوام کی ترقی کے حوالے سے بات کریں گے۔ وزیرِ اعظم موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات اور قدرتی آفات کے نئے چیلنجز پر بھی روشنی ڈالیں گے۔سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وزیرِ اعظم چین کے دارالحکومت بیجنگ روانہ ہوں گے، جہاں وہ چینی صدر شی جنپنگ کی خصوصی دعوت پر چینی پیپلز وار آف ریزسسٹنس کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔اس دوران وزیرِ اعظم کی چینی صدر شی جنپنگ اور وزیرِ اعظم لی چیانگ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی، جن میں چین پاکستان تجارتی تعلقات کے فروغ اور چینی سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی۔

‎وزیرِ اعظم چین میں منعقدہ دوسری بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کی صدارت بھی کریں گے، جہاں وہ چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کریں گے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے، ساتھ ہی حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے۔