وزیراعظم آزادجموں و کشمیر کا اسلام آباد مانومینٹ پر سید علی گیلانی کارنر کا دورہ

84

اسلام آباد، ستمبر 1 (اے پی پی): وزیراعظم آزادجموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے اسلام آباد مانومینٹ پر بابائے حریت، سید علی شاہ گیلانی کی برسی کے موقع پر سید علی گیلانی کارنر کا دورہ کیا اور بابائے حریت کی زیر استعمال چیزیں دیکھیں۔

اس موقع پر وزراء حکومت ،سیاسی و سماجی رہنماء اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ کہا کہ آج پاکستان مانومینٹ کے مقام پر ایسے مرد حریت کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کا غالب حصہ آزادی کی جدوجہد میں گزارا۔

سید علی گیلانی بارہ سال تک پابند سلاسل رہے اور  شہادت کا عظیم مرتبہ حاصل کیا، بھارتی فوج ان کے جسد خاکی سے بھی  اس قدر خوفزدہ تھی کہ ان کی نماز جنازہ ادا نہیں کرنے دی گئی۔ اس مرد مجاہد کا نعرہ  “ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے” آج ہر کشمیری کا نعرہ ہے۔

ا نھوں نے کہا کہ  آج اس مقام پر ان کے نام سے موجود ایک کارنر تشکیل دیا گیا ہے جس میں  ان کے زیر استعمال چیزیں موجود ہیں، وہ خواب جو سید علی گیلانی کی زندگی میں تشنہ رہا اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلیے ہم تحریک آزادی کشمیر سے مکمل طور پر جڑے رہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت  کا عزم ہے کہ کشمیر کیلیے تین جنگیں لڑی ہیں سات اور لڑیں گے۔