بیجنگ،03 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں واقع آنژن ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال میں دستیاب جدید طبی سہولیات، مؤثر نظام اور روبوٹک ٹیکنالوجی کا معائنہ کیا۔
وزیراعظم کو ہسپتال کے انفراسٹرکچر، خدمات اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ہسپتال کی انتظامیہ کی معیاری خدمات، جدید سہولیات اور نظم و نسق کو سراہتے ہوئے پاکستان میں زیر تعمیر ہسپتالوں میں بھی چین کی طرز پر سادہ، مضبوط اور پائیدار انفراسٹرکچر اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کو ہدایت کی کہ اسلام آباد میں زیر تعمیر منصوبوں، خصوصاً جناح میڈیکل کمپلیکس سمیت دیگر ہسپتالوں میں آنژن ہسپتال کی طرز پر ترقیاتی کام کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔











