عید میلاد النبیﷺ شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے،سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاء الرحمٰن

11

اسلام آباد، 04 ستمبر (اے پی پی): سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کا دن وزارت مذہبی امور جوش و جذبے سے مناتی ہے اور ہر سال اس موقع پر بین الاقوامی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس بار 1500 ویں جشن ولادت کو بڑے پیمانے پر منایا جا رہا ہے اور بین الاقوامی شخصیات کو کانفرنس کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس بار مندوبین کی تعدار زیادہ ہے، سپیکر بھی زیادہ ہیں اور بیرون ملک سے ڈپٹی گرینڈ مفتی، فلسطین سے قاضی القضاۃ، بنگلہ دیش کے وزیر مذہبی امور بھی سیرت کانفرنس کے مہمانوں میں شامل ہیں۔  یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ طویل عرصے کے بعد برادر ملک بنگلہ دیش سے اس پرمسرت اور عظیم الشان موقع پر وزارتی سطح پر شرکت ہو رہی ہے۔

انھوں نے پاکستانی عوام کو پیغام دیا کہ اس دن کو شایان شان طریقے سے منائیں،وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی سربراہی میں تمام صوبوں کے وزیروں اور سیکرٹریز کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں یہ طے پایا کہ صوبائی سطح پر بھی مختلف شہروں میں سیرت النبیﷺ کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوں گی جن میں نبی اکرمﷺ کی سیرت پر عمدار آمد اور ان کی پیروی کرنے کا اعادہ کیا جائے گا۔

وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ سرکاری سطح پر سیرت النبیﷺ کی پروقار تقریب میں اقلیتوں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے، دیگر مذاہب کے ماننے والے بشمول مسیحی، ہندومت کے پیروکار، سکھ کمیونٹی، باہائی مذہب اور دیگر مذاہب کے نمائندے بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔