اسلام آباد، 04ستمبر (اے پی پی): رومانیہ کے سفیر ڈین سٹوئینسکو نے آج اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر دفاع نے یورپی یونین کے قابل قدر رکن کے طور پر رومانیہ کی اہمیت اورپاکستان کے ساتھ مضبوط دفاعی تعلقات استوار کرنے پرسراہا۔ انہوں نے پاکستان کے زیر اہتمام کثیر القومی فوجی مشقوں میں رومانیہ کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مصروفیات امن اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔دونوں فریقین کے مابین دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے ، ماہرین کے باقاعدہ تبادلوں کافروغ اور دفاعی عملے کے درمیان بات چیت کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔رومانیہ کے سفیر نے پاکستان کو امن اور استحکام کیلئے کردار ادا کرنے پرخطے کااہم ملک قراردیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے رومانیہ کی آمادگی کا اظہار کیا۔











