پاکستان ہر مشکل گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہے ،وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

16

طورخم: 4ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے افغانستان میں زلزلہ متاثرین کےلئے طورخم سرحد پر افغان حکام کو پاکستان کی جانب سے امدادی سامان حوالہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہے۔انھوں نے کہا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پر پاکستان کی جانب سے این ڈی ایم اے نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی سامان پہنچا دیا ہے، طورخم بارڈر پر افغان حکام کو 105 ٹن امدادی سامان حوالہ کر دیا گیا۔ زلزلہ متاثرین کے لیے خوراک، ادویات، خیمے اور کمبل افغانستان بھیجے گئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان و افغانستان میں امن و خوشحالی ایک دوسرے سے جُڑے ہیں۔افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔پاکستان میں قیام پذیر افغان مہاجرین کی باعزت واپسی اولین ترجیح ہے۔انجینئر امیر مقام نے  افغان مہاجرین کے کیمپ کا دورہ کیا، سہولیات کا جائزہ لیا اور نادرا کو کیمپ میں خواتین کے لیے الگ کاؤنٹر اور سہولیات بڑھانے کی ہدایت کی۔