گورنر سندھ نے یوم دفاع کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی

14

کراچی۔ 06 ستمبر (اے پی پی): گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ہفتہ کے روز یوم دفاع کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی ،پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات لکھے۔انہوں نے ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا بھی کی۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاہے کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یومِ دفاع کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری افواج دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔اس موقع پر قائدِ حزبِ اختلاف علی خورشیدی اور ارکانِ اسمبلی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں معرکہ حق کے بعد معرکہ معیشت کا سامنا ہے، گورنر سندھ نے بھارتی سرکار کی آبی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم باہمت اور حوصلہ مند ہے، بھارت ہماری ترقی نہیں چاہتا، مگر وہ ہمارے حوصلے کو پست نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آئی ٹی سمیت ہر میدان میں بھارت کو شکست دے گا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کے ساتھ میڈیا نے بھی شاندار کردار ادا کیاہے،اللہ پاکستان کو سلامت رکھے اور شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔گورنر سندھ نے افواجِ پاکستان کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہم شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔