اسلام آباد، 10 ستمبر ( اے پی پی): صدر آصف علی زرداری سے بحرین کے وزیر داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے ملاقات کی۔ملاقات میں صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ صدر مملکت نے دونوں ملکوں کے درمیان ویزا فری معاہدے سمیت موجودہ تعاون کو سراہا اور کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کی خوشحالی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے سیکورٹی، امیگریشن، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات میں مزید تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے بحرین میں پاکستانی پروفیشنلز اور ورک فورس کی خدمات کو سراہا۔صدر آصف علی زرداری نے ویزا سسٹمز کو جدید بنانے اور ڈیجیٹل سہولتیں متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور بحرین کے وزارت داخلہ کے افسران کو اسلام آباد کے دورے کی دعوت دی۔
اس موقع پر جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے صدر کو بحرین کی قیادت اور عوام کی نیک تمنائیں پہنچائیں۔بحرینی وزیر داخلہ نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا اور تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت طلال چوہدری اور سینیٹر ندیم مانڈوی والا بھی شریک تھے۔











