وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بنگلہ دیش کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر اے ایف ایم خالد حسین کی ملاقات

15

اسلام آباد، 11 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بنگلہ دیش کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر اے ایف ایم خالد حسین کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں عوامی رابط، علمی تبادلوں، تجارتی اور اقتصادی تعلقات سمیت دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

 نیویارک اور قاہرہ میں ہونے والی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کی دور اندیش قیادت اور غربت کے خاتمے میں ان کے کردار کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کو سراہا۔

ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازوں کی جلد بحالی کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 ڈاکٹر حسین نے  کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخی روابط اور مشترکہ عقیدے سے جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کا ایک خط بھی وزیر اعظم کے حوالے کیا جس میں پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا گیا اور امداد کی پیشکش کی گئی۔