وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

21

اسلام آباد، 11 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی سال 2025-26 کے پہلے دو ماہ کی تجارتی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جولائی اور اگست کے دوران پاکستان کی برآمدات 5.11 ارب ڈالر پر مستحکم رہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ افریقہ کو برآمدات میں 9 فیصد اور جنوبی ایشیا کو 7 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ شمالی امریکا اور یورپی یونین کی منڈیوں میں بھی برآمدات نے مستحکم کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

وفاقی وزیرِ تجارت نے اجلاس کے دوران امپورٹ سبسٹیٹیوشن اور لوکل مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ “میک اِن پاکستان” اقدام کے تحت سرمایہ کاری کو مزید بڑھایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ برآمدات اور منڈیوں میں تنوع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوڈ اور انرجی امپورٹس پر انحصار کم کرنے کے لیے حکمت عملی اپنائی جائے گی جبکہ ویلیو ایڈیشن بڑھانے کے لیے ٹیکسٹائل، زراعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

وفاقی وزیرِ تجارت نے کہا کہ حکومت برآمدکنندگان کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور وزارت تجارت ایک مسابقتی، متنوع اور مضبوط تجارتی شعبہ تشکیل دینے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔