تہران میں پاکستان اور ایران کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22ویں اجلاس کا آغاز

20

تہران، 15 ستمبر (اے پی پی): تہران میں پاکستان اور ایران کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22ویں اجلاس کا آغاز ہوگیا۔ افتتاحی اجلاس میں دونوں ممالک کے وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا محور ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نجی شعبہ اور چیمبرز آف کامرس باہمی تجارت کو وسعت دینے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

جام کمال خان نے کہا کہ خدمات، زراعت اور فوڈ سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون سے دونوں ممالک کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑک، ریل اور فضائی رابطوں کو بہتر بنانے سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

ایرانی وزیر فرزانہ صادق نے اجلاس کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اس بات پر زور دیا کہ ویزہ سہولت، بارڈر مارکیٹس اور بینکنگ اقدامات باہمی تجارت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔

اجلاس میں پانی کے انتظام، قدرتی آفات سے نمٹنے اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر تجربات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔