اسلام آباد، 16 ستمبر ( اے پی پی): چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا نے آج ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا دورہ کیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ساتھ تعمیراتی سرگرمیوں پر بریفنگ لی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے میں آنے والی تمام یوٹیلیٹیز سروسز کی منتقلی کے عمل کو تیز اور محفوظ طریقے سے مکمل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس وقت تک منصوبے کے 12 پائلز کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ 13ویں پائل پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ، منصوبے کے گرڈرز کی کاسٹنگ کے کام کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے، اور تمام تعمیراتی سرگرمیاں 24/7 جاری ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے کی تکمیل کو اسکی طے شدہ ٹائم لائنز اور شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے، اور تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یوٹیلیٹیز سروسز کی منتقلی کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبہ نہ صرف اسلام آباد اور راولپنڈی کی ٹریفک کی مشکلات کو حل کرے گا بلکہ لاہور اور پنجاب سے آنے والے مسافروں کو بھی سگنل فری سفری سہولت فراہم کرے گا۔محمد علی رندھاوا نے کنسلٹنٹس اور ریذیڈنٹ انجینئرز کو ہدایت دی کہ وہ تعمیراتی کاموں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنائیں تاکہ منصوبہ جڑواں شہروں میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو۔











