وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج سے  ایرانی سفیر کی ملاقات

59

‎ راولپنڈی، 17 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر  رضا امیری مقدم کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں  باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

‎ایرانی سفیر سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اسے ایک قریبی دوست اور ہمسایہ سمجھتا ہے، انہوں نے  کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں جو ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ حکومت پاکستان خصوصاً وزارت دفاعی پیداوار اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری کے لیے پرعزم ہے۔

‎ایرانی سفیر نے وزیر کو اپنے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے جو دونوں ممالک کے عوام کے لیے مفید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی تعاون بڑھانے کے ساتھ پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔