نائب وزیراعظم/ وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کاخواتین سے متعلق چوتھی عالمی کانفرنس کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب

13

نیویارک، 23 ستمبر ( اے پی پی): خواتین سے متعلق چوتھی عالمی کانفرنس کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمیں صرف الفاظ میں نہیں، بلکہ جرات مندانہ اور قابل عمل اقدامات کے ذریعے اس کا اعادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تیس سال پہلے بیجنگ میں ایک ایسا مستقبل بنانے کا عہد کیا جہاں خواتین اور لڑکیوں کو مکمل برابری اور بااختیار بنایا جائے، پاکستان کے لیے صنفی مساوات ہمارے بانی قائداعظم محمد علی جناح کے وژن میں شامل ہے، انہوں نے قائداعظم کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قوم اس وقت تک عظمت کی بلندی پر نہیں پہنچ سکتی جب تک کہ آپ کی خواتین آپ کے شانہ بشانہ نہ ہوں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اس یقین کی رہنمائی میں پاکستان نے نمایاں ترقی کی ہے اور آج خواتین سیاست، عدلیہ، بیوروکریسی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج میں قائدانہ عہدوں پر فائز ہیں۔ پاکستان کو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم مرحومہ بے نظیر بھٹو اور حال ہی میں پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کو منتخب کرنے پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ بیجنگ اعلامیہ خواتین کے حقوق کے لیے سب سے جرات مندانہ عالمی معاہدہ ہے۔  اس کی حقیقی میراث کو آگے بڑھنا چاہیے۔