بینظیر انکم سپورٹ پروگرام عوامی خدمت اور شفاف امداد کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے، روبینہ خالد

15

اسلام آباد،23 ستمبر (اے پی پی ): چیئر پرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام عوامی خدمت اور شفاف امداد کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے، جس نے مشکل حالات میں مستحق خاندانوں کا اعتماد حاصل کیا ہے ان کے مطابق یہ پروگرام سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہا ہے۔

بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی سیلاب اور کورونا جیسے بڑے چیلنجز کے دوران بی آئی ایس پی نے بروقت اور وسیع پیمانے پر امداد فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں خاندانوں نے اس پروگرام کے ذریعے براہ راست اور فوری ریلیف حاصل کیا، جس سے اس کی افادیت ثابت ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی مستقبل میں بھی ضرورت مندوں کی معاونت جاری رکھے گا اور یہی پروگرام مشکل وقت میں عوام کو سہارا فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔