اسلام آباد، 23 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے قازقستان کے سفیر نے ملاقات کی جس میں صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مجوزہ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر بھی بات چیت ہوئی جس کا مقصد طبی تحقیق، طبی عملے کی تربیت، تکنیکی معاونت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان صحت کے شعبے میں بین الاقوامی شراکت داری کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور ایسے معاہدے پاکستان کے نظامِ صحت کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دونوں فریقین نے ملاقات کے اختتام پر مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔وفاقی وزیر صحت نے مزید کہا کہ پی ایم ڈی سی اور ڈریپ کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے جبکہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہیومن کنٹیکٹ ختم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قازقستان کی حکومت کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے تاکہ یہ تعلقات آنے والی نسلوں تک قائم رہیں۔
قازقستان کے سفیر نے اس موقع پر کہا کہ وہ چاہتے ہیں دونوں ممالک کے وزرائے صحت صحت کے شعبے میں مل کر کام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتا ہے۔











