وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جمہوریہ آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسٹین سٹاکر سے ملاقات

15

نیویارک،23ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور جمہوریہ آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسٹین سٹاکر نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سیاحت کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے وفود کی سطح پر رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور  جمہوریہ آسٹریا کے وفاقی چانسلر  کرسٹین سٹاکر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے آسٹریا کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔  انہوں نے تجارت، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور تعلیم کو دونوں ممالک کے مابین مثبت تعاون کے ممکنہ امکانات کے طور پر اجاگر کیا اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔آسٹریا کے چانسلر نے ملاقات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔  دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آسٹریا کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔