زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، بائیو سائنسز کے ذریعے اس کو فروغ دیا جا سکتا ہے ، رانا تنویر حسین

11

اسلام آباد،23ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، بائیو سائنسز کے ذریعے اس کو فروغ دیا جا سکتا ہے ، جدید مشینری کے استعمال سے پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے ، زرعی شعبے میں تحقیق سے ہی ترقی ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بائیو سائنسز پر تحقیق سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی تحقیقاتی ادارے پیداوار میں اضافے کے لئے کام کر رہے ہیں ،کسانوں کو بھی چاہئے کہ وہ زراعت میں نئی ٹیکنالوجی کو استعمال کریں ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ نیشنل سکلز یونیورسٹی اور چیمبرز آف کامرس میں شراکت داری ہونی چاہئے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ زراعت ہی ہمارے ملک کو آگے لے کر جا سکتی ہے ، پوری دنیا پاکستان سے چاول ، تل اور مکئی سمیت دیگر اشیاء حاصل کرنا چاہتی ہے،  عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سپلائی چین کو قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ قیمتوں کو بھی کم کرنا ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ آج کی کانفرنس ایک اچھا اقدام ہے ،اس سے تحقیق کے شعبے کو بہت فائدہ ہوگا، ایسی کانفرنسوں کو تواتر کے ساتھ جاری رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا اس وقت ایک بہت بڑا چیلنج ہے، موسمیاتی تبدیلیاں فصلوں کو متاثر کر رہی ہیں ، ہمیں زرعی شعبے کو محفوظ رکھنے کے لئے تحقیق کے شعبے کو وسعت دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کے شعبے میں پاکستان میں ٹیلنٹ موجود ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کو صحیح استعمال کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں اور افراد کو چاہئے کہ وہ تحقیق کے شعبے سے منسلک طلباء کو اپنی ضروریات بتائیں تاکہ ان کی ضروریات کو مقامی وسائل سے پورا کیا جاسکے۔