اسلام آباد، 24 جولائی ( اےپی پی): چئیر مین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی صدارت اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ریل کار چلانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ای وی ٹرین منصوبےکے لے آؤٹ پلان، بہترین بزنس ماڈل اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں منصوبے کے لئے کیے گئے رائیڈرشپ جائزہ پر بریفننگ دی گئی۔ اس موقع پر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ منصوبےسےکاربن کریڈٹ کے حصول کے لئے قوائد و ضوابط کو پورا کیا جائے۔ منصوبے کی افادیت کو مزید بڑھانے کے لئے اس سروس کو اسلام آباد کے دیگر علاقوں جہاں ریلوے نیٹ ورک موجود ہو تک رسائی دینے پر کام کیا جائے۔ منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے ای وی بسوں کو مارگلہ ریلوے سٹیشن سے منسلک کیا جائے گا۔ ٹرین منصوبے کی تکمیل سے جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں کمی آئے گی، چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے شہریوں کیلئے سستا، محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم ہوگا، ٹرین سروس منصوبہ دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہوگا۔ اس سلسلے میں بین الاقوامی معیار اور بہترین تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے پر عملدرآمد کیا جائے، یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کیلئے جدید ترین نقل و حمل کی سہولیات فراہم کرے گا بلکہ دارالحکومت اسلام آباد کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا، سی ڈی اے اور پاکستان ریلویز جڑواں شہروں کے درمیان ٹرین چلانے کے حوالے سے جلد مفاہمتی یاداشت پر دستخط کریں گے۔ اورمنصوبے کے تحت جڑواں شہروں کے درمیان جدید ٹرین سروس کا آغاز کیا جائے گا۔











