اسلام آباد ، 25 ستمبر ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے چیئرمین ای او بی آئی (EOBI) ڈاکٹر جاوید شیخ اور انکی ٹیم نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے چیئرمین ای او بی آئی (EOBI) اور انکی ٹیم کا سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خیر مقدم کیا۔ملاقات میں ممبر فنانس، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن، ممبر انوائرمنٹ، ڈپٹی کمشنر آئی سی ٹی سمیت ڈی جی ریسورس اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی اوراسلام آباد میں سرمایہ کاری کیلئے مختلف منصوبوں میں شراکت داری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد میں بالخصوص میزبانی کی صنعت سے متعلقہ مختلف منصوبے زیر غور لائے گئے اور ان منصوبوں کے مالیاتی اور آپریشنل ماڈلز پر بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں میزبانی کی صنعت سے متعلقہ پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں، بین الاقوامی کانفرنسوں سمیت اگلے ایس سی او سمٹ کا انعقاد دارالخلافہ اسلام آباد میں ہوگا، اسلام آباد شہر کو سفارتی اور سیاحتی مرکز کے طور پر متعارف کرانے کیلئے ہوٹل انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے کافی مواقع موجود ہیں۔
ملاقات میں چیئرمین سی ڈی اے نے مختلف منصوبوں میں جوائنٹ وینچر کے تحت ملکر کام کرنے پر زور دیا اور کہا کہ سی ڈی اے ریونیو شئیرنگ ماڈل پر ای او بی آئی کے ساتھ مختلف منصوبوں پر کام کرنے کیلئے تیار ہے، س ڈی اے، ای او بی آئی (EOBI) کے ساتھ شراکت داری کے تحت منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کا خواہاں ہے، ایسے منصوبے تلاش کئے جائیں جو سرمایہ کاری کے اعتبار سے دونوں اداروں کیلئے مفید ہوں، چیئرمین ای او بی آئی (EOBI) نے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیااور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قابل عمل منصوبوں کو منظوری سے قبل ای او بی آئی کی سرمایہ کاری کمیٹی میں پیش کئے جائیں گے، ملاقات میں سی ڈی اے اور (EOBI) کا مستقبل میں ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ۔











