وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین وائٹ ہاؤس میں ملاقات

76

واشنگٹن ڈی سی،26ستمبر(اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین جمعرات کو یہاں وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں ملاقات ہوئی۔ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ملاقات میں موجود تھے،ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو بھی ملاقات میں شریک تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات سے قبل وائٹ ہاؤس میں اپنی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان اور مسلح افواج کے سربراہ کی آمد سے صحافیوں کو پرجوش انداز میں مطلع کیا اوران کیلئے توصیفی کلمات ادا کیے۔ انہوں نے وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کےعظیم رہنما شہباز شریف اور پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ملاقات کیلئے آ رہےہیں،دونوں بہترین شخصیات ہیں،مجھے پہنچنے میں کچھ تاخیر ہو رہی ہے،وہ خوبصورت اوول آفس پہنچ چکے ہیں،ابھی کچھ دیر میں ان سے ملاقات ہوگی۔

قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا امریکی صدر سے ملاقات کیلئے اینڈریو ایئر بیس پہنچنے پر ریڈ کارپٹ پر امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے شاندار استقبال کیا جس کے بعد وزیراعظم کا موٹرکیڈ امریکی سکیورٹی کے حصار میں ایئربیس سے روانہ ہوا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک گئے تھے جہاں وہ جمعہ کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔  واضح رہے کہ وزیر اعظم کی گزشتہ روز عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر بھی امریکی صدر سے ملاقات ہوئی تھی۔