صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے چین کے کراچی میں قونصل جنرل یانگ یون دونگ کی ملاقات

11

اسلام آباد ، 26 ستمبر ( اے پی پی):صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے چین کے کراچی میں قونصل جنرل یانگ یون دونگ نے ملاقات کی۔چینی قونصل جنرل نے صدر آصف علی زرداری کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد دی۔

صدر آصف علی زرداری نے دورۂ چین کے دوران چینی قیادت کی مہمان نوازی اور خیرسگالی کا شکریہ ادا کیا،ملاقات میں صدرِ مملکت نے کہا کہ دورے کے دوران دستخط ہونے والی مفاہمتی دستاویزات پاکستانی عوام خصوصاً زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے سے وابستہ کسانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

صدر آصف علی زرداری نے بیجنگ میں سی پیک کے مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کے 14ویں اجلاس کا خیرمقدم کیا اور سی پیک فیز ٹو کے آغاز کو پاکستان اور چین کے تعلقات میں اہم سنگِ میل قرار دیا،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ سی پیک کا نیا مرحلہ عوامی ترقی، جدت، زراعت اور برآمدات کے فروغ پر مرکوز ہونے کے باعث پاکستان کی معیشت کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔ سی پیک فیز ٹو پاکستان اور چین کی ہر موسم کی دوستی کو مزید مضبوط بنائے گا، صدر آصف علی زرداری نے چین کے آنے والے قومی دن کے موقع پر حکومت اور عوام کو مبارکباد بھی پیش کی۔