ڈھاکا، 27 ستمبر ( اے پی ہی): وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت احسان افضل خان نے اپنے ڈھاکا دورے کے دوران بنگلہ دیش کے اہم تجارتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
انہوں نے ڈھاکا اور راولپنڈی چیمبرز آف کامرس کے مشترکہ نیٹ ورکنگ سیشن میں شرکت کی جہاں فارماسیوٹیکل، آٹوموٹو، اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے کاروباری ماحول بہتر بنانے اور تجارتی وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔
احسان افضل خان نے پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام عشائیے میں بنگلہ دیش کے بڑے تجارتی نمائندوں سے ملاقات کی جبکہ نیشنل بینک آف پاکستان ڈھاکا برانچ میں کاروباری سہولیات پر بھی گفتگو کی گئی۔انہوں نے انسیپٹا فارماسیوٹیکلز کے دھامرائی پلانٹ کا دورہ کیا اور ممکنہ تعاون کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں “میڈ اِن پاکستان” نمائش میں شرکت کرتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کی پذیرائی کی، اور کراچی میں آئندہ نمائش میں شرکت کے لیے بنگلہ دیشی حکومت کو مدعو کیا۔احسان افضل خان نے پاکستان–بنگلہ دیش اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔











