بھارت کے وزیر خارجہ کے بیان پر سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد کا جوابی بیان

16

 

 اقوام متحدہ،  28 ستمبر ( اے پی پی): پاکستانی سفارتکار نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے  بیان پر  اعتراض کیا  ہے جس میں انہوں نے پاکستان کو “عالمی دہشت گردی کا مرکز” قرار دیا تھا۔

محمد  راشد نے اس الزام کو حقائق سے عاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نہ صرف دہشت گردی کا تسلسل سے مرتکب ہے بلکہ ایک علاقائی بدمعاش بھی ہے جو جنوبی ایشیا کو اپنے اجارہ دارانہ عزائم اور انتہا پسندانہ نظریات کا یرغمال بنائے ہوئے ہے۔

انہوں  نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90ہزار سے زائد جانیں قربان کی ہیں، جنہیں عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت خود غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقوں پر قابض ہے اور جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔

‎ محمد راشد نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے پر پاکستان کو بلا ثبوت مورد الزام ٹھہرانے پر بھی تنقید  کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کوئی واقعہ ہوتا ہے، پاکستان پر بغیر کسی ثبوت کے فوراً الزام لگا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مئی 2024 کے واقعے کا بھی حوالہ دیا، جب بھارت نے اس واقعے کی آڑ میں پاکستان کے خلاف جارحیت کی جس کے نتیجے میں 54 بے گناہ افراد کی جانیں گئیں، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔

‎ محمد راشد نے پاکستان کے امن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کے 1.9 بلین لوگ خوشحالی اور استحکام کے مستحق ہیں لیکن یہ اہداف دھمکیوں اور دھونس سے حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے  کہاکہ حقیقی ترقی کے لیے خلوص، باہمی احترام، مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت ہے، جن اصولوں کو پاکستان نے ہمیشہ برقرار رکھا ہے اور  بھارت کو بھی  ان اصولوں  کو اپنانا چاہیے۔‎