اسلام آباد، 29 ستمبر (اے پی پی(:انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے تحت قائم چائنا پاکستان اسٹڈی سنٹر نے چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) کے تعاون سے “گلوبل گورننس انیشی ایٹو: ایک منصفانہ اور عادلانہ عالمی نظام کے لیے چین کا وژن” کے موضوع پر بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا۔
سی ایم جی کی کنٹری ہیڈ مس وانگ لی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ انیشی ایٹو چین کے اس عزم کا تسلسل ہے جس کے ذریعے دنیا کو ایک منصفانہ عالمی نظام اور مشترکہ مستقبل کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے میڈیا کے کردار کو رابطوں میں اضافہ، اعتماد سازی اور پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے کے لیے کلیدی قرار دیا۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سفیر سہیل محمود نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں صدر شی جن پنگ کے اس بروقت اقدام کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ جی جی آئی پانچ بنیادی اصولوں پر مشتمل ہے جو کہ خودمختار مساوات، بین الاقوامی قانون، کثیرالجہتی، عوام مرکزیت اور عملی نتائج پر مبنی ہے جس کے ذریعے عالمی گورننس میں شمولیت، جمہوریت اور مؤثریت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
چیئرمین ایف ایس ڈی ایس بنگلہ دیش میجر جنرل (ر) فضل الٰہی اکبر نے اپنے خطاب میں جی جی آئی کو تنازعات، یکطرفہ اقدامات اور ناانصافی سے بھرے عالمی منظرنامے میں امید کی کرن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انیشی ایٹو مشرق وسطیٰ بشمول فلسطین اور غزہ جیسے بحرانوں میں امن و انصاف کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
پاکستان کے سفیر برائے چین خالد ہاشمی نے کہا کہ جی جی آئی پاکستان کی دیرینہ پالیسیوں بشمول کثیرالجہتی، پرامن تنازعہ حل اور مساوی نمائندگی سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ خصوصاً سلامتی کونسل میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔سی ای او اے آئی ای آر ڈی شکیل احمد رماے، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر اکبر ناصر خان، ایس آئی آئی ایس کے ڈاکٹر شوئے لی، پاکستان کے سابق سفیر برائے چین معین الحق اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور جی جی آئی کو عالمی سطح پر مساوات، عملی اقدامات اور انصاف کے فروغ کے لیے ایک متبادل اور مؤثر فریم ورک قرار دیا۔
چینی سفارتخانے کے پولیٹیکل کونسلر وانگ شینگ جیے نے کہا کہ جی جی آئی دنیا کے بدلتے حالات کا بروقت جواب ہے اور اس کے ذریعے بڑے ممالک کو تصادم کے بجائے تعاون اور یکجہتی کی راہ اپنانا چاہیے۔
صدر پاکستان کے ترجمان اور سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی جی آئی اقوام متحدہ کے بنیادی اصولوں کی توثیق کرتا ہے اور ترقی، سلامتی اور تہذیبی ہم آہنگی کا جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
چیئرمین بورڈ آف گورنرز آئی ایس ایس آئی سفیر خالد محمود نے اس اقدام کو خطے اور دنیا کے لیے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
ڈائریکٹر چائنا پاکستان اسٹڈی سنٹر ڈاکٹر طلعت شبیر نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ جی جی آئی مساوات، کثیرالجہتی اور عوامی مرکزیت پر مبنی ایک ایسا وژن ہے جو دنیا کے بڑے مسائل کے منصفانہ اور پائیدار حل تجویز کرتا ہے۔اس موقع پر پاکستان اور چین کے ممتاز سفارتکاروں، محققین، ماہرین، میڈیا شخصیات اور پالیسی سازوں نے اس نئے عالمی وژن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔











