او آئی سی کامسٹیک  ودیگر اداروں کے اشتراک  سے کم وسائل میں کلینیکل ریسرچ پر بین الاقوامی ورکشاپ، تحقیق کے فروغ اور ادارہ جاتی تعاون پر زور

11

اسلام آباد ،30 ستمبر (اے پی پی):او آئی سی کامسٹیک ، ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ اور  انسٹی ٹیوٹ آف انوویشن لیڈرشپ برائے ادویات و مینجمنٹ کے تعاون سے کلینیکل ریسرچ برائے کم وسائل والے حالات کے عنوان سے بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

ورکشاپ کا مقصد معالجین اور محققین کو ایسے ماحول میں تحقیق کی تربیت دینا تھا جہاں سہولتیں اور وسائل محدود ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ شرکاء کو تحقیق کے لئے ضروری تربیت کی نشاندہی اور اداروں میں ریسرچ مراکز قائم کرنے کے تقاضوں سے آگاہ کیا گیا۔

 کوآرڈینیٹر جنرل او آئی سی کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری نے کہا کہ او آئی سی کے کئی ممالک میں تحقیق کاروں اور طبی ماہرین کو وسائل کی کمی، فنڈز کی قلت اور تربیت یافتہ عملے کی کمی جیسے مسائل درپیش ہیں۔

ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط نے اپنے خطاب میں کہا کہ اداروں میں تحقیق کی صلاحیت بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا: “وسائل کی کمی کو کبھی علاج اور معیاری تحقیق کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دینا چاہیے۔

ورکشاپ میں گروپ سرگرمیاں، ریسرچ مراکز کے قیام پر مباحثہ اور انٹرایکٹو سیشن شامل تھے۔ اس موقع پر ایک پینل ڈسکشن بھی ہوا جس میں ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد کی پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ نعیم خالد نے تحقیق کے فروغ اور ادارہ جاتی تعاون پر اظہارِ خیال کیا۔ورکشاپ کا اختتام شکریہ کے کلمات پر ہوا۔ آن لائن اور بالمشافہ شریک ہونے والے شرکاء نے اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام محدود وسائل میں تحقیق کو آگے بڑھانے کے لئے عملی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔