‎سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیر کی الوداعی ملاقات

21

‎اسلام آباد ، یکم اکتوبر ( اے پی پی ):  قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللّٰہ نے   ایوانِ صدر میں الوداعی ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون، اور مستقبل میں باہمی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

‎قائم مقام صدر گیلانی نے پاک۔ایتھوپیا تعلقات کے فروغ کے لیے سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر جمال بکر عبداللّٰہ نے سیاسی، اقتصادی اور عوامی سطح پر دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے گرین پاکستان اقدام اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے سفیر کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

‎اس موقع پر ایتھوپین سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان کو ایک مخلص اور برادر ملک سمجھتا ہے جبکہ پاکستان ایک مضبوط اور باصلاحیت ملک ہے، اور افریقہ کے تمام ممالک اسے خیر خواہ اور دوست ملک کے طور پر دیکھتے ہیں۔

‎ڈاکٹر جمال بکر عبداللّٰہ نے کہا کہ افریقہ ڈے کی تقریبات اور سینیٹ کی قرارداد تمام افریقی ممالک کے لیے یادگار رہیں گی، اور یہ پاکستان کی افریقہ سے وابستگی اور تعاون کا واضح ثبوت ہیں۔

‎الوداعی ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، اور دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔