اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریٹریشن کے تحت بدھ کو 38 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے فیکلٹی و زیر تربیت افسران نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم اور سی ڈی اے افسران نے 38 ویں ایس ایم سی افسران کا سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خیر مقدم کیا۔ ممبر پلاننگ و ڈیزائن نے ایس ایم سی کے شرکاء کو سی ڈی اے کے اغراض و مقاصد، انتظامی ڈھانچہ، فنکشنز اور آپریشنز کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دارالحکومت اسلام آباد کی تعمیر ماسٹر پلان کے مطابق کی گئی ہے جس کو پانچ مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ شرکاء کو دارالحکومت اسلام آباد میں زوننگ ریگولیشنز کے نفاذ اور شہری منصوبہ بندی کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا گیا۔ ممبر پلاننگ و ڈیزائن نے دارالحکومت اسلام آباد کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پانی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اسلام آباد واٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اسی طرح اسلام آباد میں موجودہ آبی وسائل کے بہتر انتظامات اور مستقبل میں پانی کی فراہمی کیلئے مختلف اقدامات و منصوبوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکا کو بریفنگ میں اسلام آباد کے ٹرانسپورٹ سسٹم کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جس میں شہر میں چلنے والی 4 میٹرو بس روٹس اور 160 الیکٹرک بس فیڈر روٹس بھی شامل ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے ٹرانزٹ نیٹ ورک کو گوگل میپ سے منسلک کر دیا گیا اور اب تمام سٹیشنز کی انفارمیشن گوگل میپس پر بھی لائیو کر دی گئی ہے۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریٹریشن کے تحت 38 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے فیکلٹی و زیر تربیت افسران کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم، سی ڈی اے کے بجٹ اور آمدنی کے مختلف ذرائع سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ان کو شہر میں ہونے والے ماحول دوست اقدامات، وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم، غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، سیکٹر ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل پارکنگ سمیت دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی ڈی اے اسلام آباد شہر کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اور اس کو دنیا کا خوبصورت اور مثالی شہر بنانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہے اور اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ بریفنگ کے اختتام پر سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکا ءکے ساتھ سوال و جواب کے سیشن میں مختلف شہری مسائل اور ان کے حل کو زیر بحث لایا گیا۔ دورہ کے اختتام پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریٹشن کے فیکلٹی ممبر کو سی ڈی اے کی جانب سے یادگاری شیلڈ دی گئی اور گروپ فوٹو کے ساتھ کورس کے شرکا کیلئے گریڈ 19 سے گریڈ 20 میں ترقی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا اور امید ظاہر کی کہ تمام شرکا پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔











