ملتان ، 02 اکتوبر (اے پی پی ):غلہ منڈی ملتان میں کچن مصالحہ جات کی دکانوں میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے چار سے پانچ دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کنٹرول روم سے موٹر سائیکل ایمبولینس اور فائر وہیکلز موقع پر روانہ کیے گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فوری طور پر فائر فائٹنگ کا عمل شروع کیا اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا۔ دورانِ آپریشن کولنگ کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق اس کارروائی میں سات فائر وہیکلز نے حصہ لیا جبکہ متاثرہ علاقے کی بجلی احتیاطی تدابیر کے طور پر بند کروا دی گئی تھی۔
تاجروں نے بروقت کارروائی اور مزید دکانوں و گوداموں کو آگ سے محفوظ رکھنے پر ریسکیو اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ ریسکیو کے مطابق آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔











