وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی پمز ہسپتال آمد

17

اسلام آباد۔2اکتوبر  (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جمعرات کو  پمز ہسپتال میں آزاد کشمیر احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے پولیس جوانوں کی عیادت کے  لئے آمد، وزیر داخلہ  نے آزاد کشمیر میں زخمی ہونے والے اسلام آباد پولیس اور آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کی ،وہ فرداً فرداً ہر زخمی  اہلکار  کے  پاس گئے اور خیریت دریافت کی ۔‎  محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیر داخلہ نے زخمی پولیس اہلکاروں کے  جذبے اور بہادری  کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے انتہائی ہمت، حوصلے اور جوانمردی سے اپنے فرائض سرانجام دیے، شرپسندی  کے  باوجود  اپ نے تحمل سے  کام لیا، آپ پاکستان  کے  بہادر  سپوت  ہیں اور ہم سب کو آپ پر ناز  ہے۔ محسن  نقوی نے چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد و آزاد کشمیر پولیس کے جوانوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت بھی کی۔‎وزیر داخلہ نے زخمی پولیس  اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ‎پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے  کی کسی کو اجازت نہیں  دی جائے گی،  ‎پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیری بھائیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی  پولیس اور دیگر حکام  بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پمز ہسپتال میں اسلام آباد پولیس کے 31 اور آزاد کشمیر پولیس کے 12 اہلکار زیر علاج  ہیں۔