اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (پی آر اے پی) کے انتخابات کے موقع پر پریس گیلری اور پریس لاؤنج کا دورہ

54

اسلام آباد، 02 اکتوبر (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (پی آر اے پی) کے انتخابات کے موقع پر پریس گیلری اور پریس لاؤنج کا دورہ کیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی و وہپ پاکستان پیپلز پارٹی اعجاز حسین جاکھرانی، امیدوار  پی آر اے انتخابات اور قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے پی آر اے پی کے انتخابی عمل کا جائزہ لیا اور الیکشن کمیٹی سے ملاقات کی۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی طارق سمیر نے اسپیکر سردار ایاز صادق کو انتخابی عمل اور ضابطہ اخلاق سے آگاہ کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پی آر اے اور پریس گیلری پارلیمان کا اہم جزو ہیں، پارلیمانی رپورٹرز عوام اور پارلیمان کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں، عوامی مسائل اور پارلیمانی کارروائی عوام تک پہنچانے میں پارلیمانی رپورٹرز کا کلیدی کردار ہے،

انہوں نے کہا کہ  پرامن اور شفاف انتخابی عمل دیکھ کر دلی مسرت ہوئی۔ انتخابات کے ذریعے عہدیداران کا چناؤ جمہوریت کی روح ہے،

پارلیمانی رپورٹرز انتہائی سلجھے ہوئے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں، امید ہے کہ پی آر اے کے انتخابات میں بہترین نمائندوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

الیکشن کمیٹی نے پی آر اے انتخابات کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے بہترین انتظامات پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔ الیکشن کمیٹی نے ڈائریکٹر جنرل میڈیا اور ان کی ٹیم کے تعاون کو سراہا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیٹی کی خدمات اور الیکشن کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور پی آر اے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔